کتاب : اپنے رحمت العالمینؐ کو جانئے – – مصنف : محمد تشکیل کیفی

Share

rahmatul-lilalameen رحمت

تبصرہ کتاب : اپنے رحمت العالمینؐ کو جانئے
Know your Rahmatul-lil-Aalamin

مصنف : محمد تشکیل کیفی
مبصر : عرفان خان سوداگر اور ڈاکٹر رفیع الدین ناصر
۔ اورنگ آباد (مہاراشٹر) Mob. 9881156345, 9422211634
رابطے کے لئے ذرائع : 09711117162, 09868251249
email –

عالمی طور سے آج بھی غیرمسلم برادران میں اسلام اور سیرتؐ کے تعلق سے بہت سی غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں۔ ان غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لئے ایک معیاری اور مستند کتاب کی ضرورت ایک عرصہ سے محسوس کی جارہی تھی۔ ان غلط فہمیوں کو اُن ہی کی زبان میں کچھ حد تک دور کرنے کی بے لوث کوشش محمد تشکیل کیفی صاحب نے دہلی میں کی، جس کے نتیجہ میں کتاب Know your Rahmatul-lil-Aalamin (Mercy for the Universe) ‘‘ اپنے رحمت العالمینؐ کو جانئے‘‘ منظرعام پر آئی ۔

جس کی تقریب رسم اجراء میں مختلف مذاہب کے رہنما کے علاوہ مختلف ممالک کے تقریباً ۱۵ سفراء کی شرکت اور اظہارخیال سے کتاب کی معنویت اور اہمیت واضح ہوتی ہے۔ کتاب کا اہم مقصد غیرمسلم اشخاص میں اسلام اور پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ کے تعلق سے پھیلائی گئی غلط فہمیوں کو دور کرنا اور مثبت سوچ پیدا کرنا ہے۔ اسی لئے کتاب کو انگلش اور ہندی زبانوں کے اشتراک سے مرتب کیا گیا ہے۔ کچھ حصے ہندی میں تحریر کئے گئے ہیں۔ کچھ جگہ انگلش اور ہندی دونوں زبانوں میں مواد دستیاب ہے جبکہ ۷۰فیصد حصہ انگلش زبان میں پیش کیا گیا ہے۔ پوری کتاب میں انداز تخاطب اور وضاحتیں جدید رنگین تصاویر پر مشتمل ہیں۔ قابل ترتیب کار نے حالات حاضرہ کی جدیدتصاویر کا استعمال کر کے خواتین کے حجاب اور جدیدیت کی بے حجابی میں موازنہ کر کے اسلام نے خواتین کے لئے دیئے گئے بلندمقام کو واضح کیا۔ 384 گلیز رنگین کاغذ پر چھپی یہ کتاب اتنہائی پُرکشش دکھائی دیتی ہے۔ ٹائٹل پر ایک جانب گنبدخضریٰ کا عکس ہے تو دوسری جانب سنہرے الفاظ میں ٹائٹل دیا گیا جبکہ نیچے کتاب کے ابواب کے عناوین تحریر کئے گئے ہیں۔
باب اول حضوراکرمؐ کی زندگی کے بارے میں ہے۔ اُن کی سادگی و حسن اخلاق کو دعوتی نقطہ نظر سے تحریر کیا گیا ہے۔ جبکہ باب دوم میں حضوراکرمؐ کے تعلق سے قرآن شریف ، بائبل اور ہندو مذہبی کتابوں میں جو کچھ بھی ذکر کیا گیا ہے اُس کی تفصیلات کتابوں کے تصاویر کے ہمراہ پیش کی گئی ہیں جس سے کتاب کی افادیت اور بڑھ جاتی ہے۔ سوم باب جہاد کے متعلق ہے جس کا نام ’’جہاد کی پہلی‘‘ (Jigsaw of Jihad) رکھا گیا ہے۔ اس میں جہاد کے تعلق سے پھیلی غلط فہمیوں کو دور کرانے کی کوشش کی گئی ہے۔ حالات حاضرہ میں جہاد کے مفہوم اور معنی کو مختلف حوالوں سے پیش کیا گیا ہے جو قابل مطالعہ ہے۔ جہاد کے حقیقی معنی سمجھنے کے لئے کچھ رنگین تصاویر بھی پیش کی گئی ہیں۔ چوتھا باب جس کا عنوان ہے اسلام میں عورت کا مقام اور اختیار۔ اس باب میں اسلام نے خواتین کو دیئے گئے بلند مقام اور مرتبہ کی وضاحت کی گئی ہے۔ جس کے مطالعہ سے اسلام میں خواتین کے عظیم رتبہ کا علم ہوتا ہے۔ باب پنجم حضوراکرمؐ کی جانب سے کی گئی پیشین گوئیوں پر مشتمل ہے۔ اس باب میں قابل ترتیب کار محمد تشکیل کیفی نے پچاس پیشن گوئیوں کو پیش کیاہے۔ اگر ہم آج کے پس منظر میں ان پیشین گوئیوں کا جائزہ لیں تو وہ آج ہوبہو سچ دکھائی دیتی ہیں۔ اس دوران فاضل ترتیب کار نے باب ششم میں دنیا کے ۱۰۰؍ نامور ہستیوں کے خیالات جو انہوں نے حضوراکرم ﷺ کے تعلق سے بیان کئے ہیں اُن کو انفرادی صفحات پر پیش کیا اور ساتھ میں اِن نامور ہستیوں کی تصاویر بھی شائع کی ہیں۔ اِن میں مہاتماگاندھی سے لے کر Prof. William H.Hay کے بیانات کو قلمبند کیا گیا ہے۔ باب ہفتم دور حاضر کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے اس کا عنوان ہے : ’’قرآن اور ماحولی آلودگی‘‘ اس باب میں فاضل ترتیب کار نے ماحولی آلودگی پر قابو پانے کے طریقوں کو قرآن اور سیرت کی روشنی میں بیان کیا ہے جو جدید سائنس کے لئے انتہائی سبق آموز ہے۔ کتاب کے آخری حصہ میں حضورﷺ کے آخری خطبہ کو پیش کیا گیا ہے۔
پوری کتاب میں تمام مواد کو صفحات کے دائیں جانب پیش کیا گیا ہے جبکہ بائیں جانب ایک ایک صفحہ پر حضوراکرمؐ کے اور قرآن کریم کے اہم ارشادات کے ساتھ مختلف مفکرین اور نامور کتابوں کے اہم اقوال کو تحریر کیا گیا ہے جس سے کتاب کی انفرادیت میں مزید اضافہ ہوتاہے۔ محمد تشکیل کیفی صاحب کی یہ کوشش انتہائی قابل تعریف ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ صرف یہ ایک کتاب ہی تمام غلط فہمیوں کا جواب نہیں ہوسکتی۔ زندگی کے کچھ اور امور تشنہ ہیں جس پر خامہ فرسائی کر کے غیرمسلموں میں پھیلی غلط فہمیوں کو دور کرنا ضروری ہے اور ہم محمدتشکیل کیفی صاحب سے توقع کرسکتے ہیں کہ وہ اپنے رشحاتِ قلم کے توسط سے اس جانب گامزن رہیں گے۔ بحرحال ہم جناب محمد تشکیل کیفی کو ان کی اس شاہکار کتاب کے لئے تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور میں دعاگو ہیں کہ اس بے لوث خدمت کا انھیں صلہ دے۔ (آمین)
یہ کتاب ہر ایک مسلم اور غیرمسلم کے مطالعہ کے لئے فائدہ مند ہے۔ گرچہ اس پر کوئی قیمت درج نہیں ہے لیکن کیفی صاحب اس تعلق سے کہتے ہیں کہ :
"This book is for free distribution, but a Hadiya (Donation) for is will be most welcomes as it will countribute to monetary sources helping the needy sections of the minority and their children.”
صفحات : 384
ہدیہ : مفت برائے برادران وطن و اسلامی معلومات میں اضافہ کرنے والے افراد کیلئے
(اقلیتی طلبہ اور اُن کی پسماندگی دور کرنے کے لئے کسی بھی طرح کا ہدیہ قابل قبول)
ناشر : ہیومن پبلی کیشنز 2074، دوسرا منزلہ
نہر خان اسٹریٹ ، دریاگنج ، نئی دہلی ۔ Mob.9811200621
——-

md-tashkeel
محمد تشکیل کیفی
dr-rafi
ڈاکٹر رفیع الدین ناصر
md-irfan
عرفان خان سوداگر
Share
Share
Share