کتاب : معانی و مطالب – فاروق بخشی :- مبصر : احمد علی جوہر

Share


نام کتاب : معانی و مطالب
مصنف : فاروق بخشی

مبصر : احمد علی جوہر
جواہر لال نہرو یونیورسٹی نئی دہلی

ناشر : مصنف
سنہ اشاعت : 2014
صفحات : 160
قیمت : 100 روپے

پروفیسر فاروق بخشی کا نام اردو دنیا میں کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے. ان کا شمار اردو کے ایسے سنجیدہ ادیبوں میں ہوتا ہے جنہوں نے ادب کو نہ صرف پڑھا ہے بلکہ ادبی و تہذیبی قدروں کو جیا بھی ہے. یہی وجہ ہے کہ ادب سے ان کا لگاؤ داخلی، غیر رسمی اور عاشقانہ ہے. ان کی خوش نصیبی رہی کہ ان کی علمی و ادبی تربیت حضرت حفیظ میرٹھی، بشیر بدر، ڈاکٹر امیر اللہ خاں شاہین اور پروفیسر قمر رئیس جیسے اساتذہ فن کے زیر اثر ہوئی جو دانشور اور بالغ نظر ادیب ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی ملنسار، وضعدار، شریف النفس، ہمدرد اور اعلی اخلاقی قدروں کے حامل تھے. ان اساتذہ کے اعلی اخلاق و کردار اور ادب و فن کے تئیں ان کی وسعت نظری اور کشادہ دلی، یہ تمام اوصاف پروفیسر فاروق بخشی کے اندر حلول کر گئے ہیں. اس کے اثرات فاروق بخشی کی شخصیت اور فکر دونوں پر محسوس کیے جا سکتے ہیں.
پروفیسر فاروق بخشی قدیم تہذیبی قدروں کے پاسدار، ملنسار اور وضعدار انسان ہیں. وہ ایک نبض شناس، تجربہ کار اور مشفق استاد ہیں. درس و تدریس کے سلسلے میں ان کے مشفقانہ رویے اور محبت آمیز سلوک نے ان کے طلبہ کو ان کا گرویدہ بنا دیا ہے. اردو ادب میں پروفیسر فاروق بخشی بنیادی طور پر شاعر کی حیثیت سے معروف ہیں لیکن ایک ناقد کی حیثیت سے بھی وہ اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں. تنقیدی مضامین پر مشتمل ان کی پہلی کتاب مفاہیم 2004 میں منظر عام پر آئی تھی . پیش نظر کتاب معانی و مطالب ان کی دوسری تنقیدی کتاب ہے جو 2014 میں شائع ہوئی ہے. اس میں کل اکیس مضامین ہیں. بعض مضامین تاثراتی ہیں اور بیشتر مضامین تنقیدی. ان مضامین میں معروف اور غیر معروف دونوں طرح کے ادبا اور فنکاروں کو موضوع بحث بنایا گیا ہے. ایسے ادبا اور فنکاروں میں اختر شیرانی، ڈاکٹر کرشن کمار رتو، وپل چترویدی، ہوش مدان سرحدی، حکیم فیضی ظہیری، ساغر نظامی، پروفیسر قمر رئیس، ڈاکٹر عبدالعلیم، بشیر بدر، فرید پربتی، عقیل شاداب، پروفیسر فیروز احمد، خسرو متین، وقار مانوی، ش ک نظام اور ابن صفی کے نام سرفہرست ہیں. بعض مضامین پاپولر لٹریچر، فلسفہ تصوف، جدید اردو نظم میں تانیثی اظہار اور راجستھان کی اردو شاعری میں حب الوطنی اور قومی یکجہتی کے عناصر سے متعلق ہیں. یہ مضامین روایتی نوعیت کے نہیں ہیں بلکہ غیر رسمی انداز میں لکھے گئے ہیں جن میں مصنف کے مطالعہ کی وسعت اور گہری تنقیدی بصیرت کی جھلک واضح طور پر دیکھنے کو ملتی ہے. دراصل اس کتاب کے مصنف پروفیسر فاروق بخشی کثیرالمطالعہ انسان ہیں. وہ ادب کے بارے میں سنجیدگی سے مسلسل غور و فکر کرتے رہتے ہیں. وسعت مطالعہ، سنجیدگی اور مسلسل غور و فکر، ان تمام چیزوں نے مل کر ان کی تنقیدی تحریروں کو گہرائی و گیرائی کا حامل بنا دیا ہے. ان کی تنقیدی تحریر کا ایک نمایاں وصف بے باکی اور استدلالی انداز بیان ہے. وہ ہمیشہ اپنی بات دلیلوں کے ساتھ بغیر کسی لاگ لپیٹ کے بے باک انداز میں کہتے ہیں جو قاری کو بے حد متاثر کرتا ہے.
پروفیسر فاروق بخشی چونکہ خود تخلیق کار ہیں. اس لیے تخلیق کے اسرار و رموز سے وہ پوری طرح واقف ہیں. وہ کسی بھی متن کے تعلق سے چند جملوں میں اس مربوط انداز میں بحث کرتے ہیں کہ متن پوری طرح قاری پر عیاں ہوجاتا ہے. کوئی بھی متن یا تخلیق یوں ہی لفظوں کا جامہ نہیں پہن لیتی بلکہ کسی نہ کسی داخلی تحریک کی بنیاد پر جنم لیتی ہے. تخلیق کے سماجی سروکار اور اس کے بطن میں پنہاں معانی و مفاہیم کو پروفیسر فاروق بخشی اس طرح بیان کرتے ہیں کہ ان کی تنقیدی تحریر کو پڑھ کر قاری متن کی اصل روح تک پہنچنے میں کامیاب ہوجاتا ہے. یہ ان کی تنقید کی کامیابی بھی ہے اور مخصوص وصف بھی. ان کی تنقیدی تحریر کا ایک نمایاں پہلو سلجھا ہوا انداز بیان ہے. وہ اپنی تنقیدی تحریر کو بھاری بھرکم نامانوس اصطلاحات سے بوجھل نہیں بناتے اور نہ ثقیل انداز بیان اختیار کرتے ہیں، بلکہ وہ آسان، عام فہم، علمی، شائستہ اور اور شگفتہ انداز بیان اپناتے ہیں جس سے ان کے خیالات کی ترسیل بھی ہوجاتی ہے اور ان کی تحریر قاری کو لذت بھی بخشتی ہے. یہ تمام اوصاف اس کتاب کو پڑھتے ہوئے محسوس کیے جا سکتے ہیں. یہ کتاب اس اعتبار سے بھی انوکھی نوعیت کی ہے کہ اس میں شامل مضامین میں ادیبوں اور فنکاروں کی شخصیت کے نئے گوشوں اور فن کے منفرد پہلوؤں کو اس خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا ہے کہ اسے پڑھ کر قاری کی معلومات میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ اسے ایک خوشگوار علمی و ادبی ذائقہ کا احساس ہوتا ہے. اس کتاب میں ایک اچھے ناقد کی بیشتر خصوصیات پائی جاتی ہیں جو پروفیسر فاروق بخشی کو ایک اہم اور ممتاز ناقد کے روپ میں سامنے لاتی ہیں. پروفیسر فاروق بخشی کی یہ کتاب اردو ادب میں ایک خوشگوار اضافہ ہے. امید ہے کہ اردو کے علمی و ادبی حلقوں میں پروفیسر فاروق بخشی کی اس کتاب کا اس کے شایان شان استقبال کیا جائے گا.
احمد علی جوہر جواہر لال نہرو یونیورسٹی نئی دہلی. موبائل نمبر 9968347899 

——-

نام کتاب : معانی و مطالب

مصنف : فاروق بخشی
ناشر : مصنف
سنہ اشاعت : 2014
صفحات : 160
قیمت : 100 روپے

Share
Share
Share