کہانی : چوری وہ بھی اپنے ہی گھر :- ابو عبدالقدوس محمد یحییٰ

Share
ابوعبدالقدوس محمدیحییٰ

کہانی
چوری وہ بھی اپنے ہی گھر

ابو عبدالقدوس محمد یحییٰ

ایک بچے کی اصلاح کا حیرت انگیز واقعہ جسے اپنے گھر سے روپے اٹھانے کی عادت پڑگئی تھی!!!
شارق ایک اچھا،ذہین اورمحنتی طالب علم تھا۔ وہ ہمیشہ اپنے بڑوں کا کہنا مانتا ۔پڑھائی میں دل وجان سے محنت کرتا تھا۔وہ ہرسال اپنی جماعت میں اول آتا۔ جب وہ ساتویں کلاس میں آیا تو اس کی جماعت میں ایک نیا طالب علم داخل ہوا۔

شارق ایک اچھا،ذہین اورمحنتی طالب علم تھا۔ وہ ہمیشہ اپنے بڑوں کا کہنا مانتا ۔پڑھائی میں دل وجان سے محنت کرتا تھا۔وہ ہرسال اپنی جماعت میں اول آتا۔ جب وہ ساتویں کلاس میں آیا تو اس کی جماعت میں ایک نیا طالب علم داخل ہوا۔اس کا نام عارف تھا۔ عارف تھا تو خوش شکل لیکن عادات واطوار کے لحاظ سے حدرجہ خراب تھا۔ وہ بہت زیادہ باتونی تھا اور ہرایک کے سامنے اپنے سچے جھوٹے واقعات کو بڑھا چڑھا کر بیان کرتالیکن اس میں بھی کوئی شک نہ تھا کہ بولنے میں وہ ماہر تھا۔ جلد ہی اس نے اپنی چکنی چپڑی باتوں سے شارق جیسے ذہین اور محنتی طالب علم کو بھی اپنے فریب جال میں جکڑ لیا۔ آہستہ آہستہ شارق کو اس کی کمپنی میں بہت مزا آنے لگا۔عارف کی صحبت میں جیسے جیسے وقت گزرتا گیا شارق کا دل پڑھائی سے اچاٹ ہوتاگیا۔ اب تو وہ کبھی کبھی اسکول سے بھی غائب ہونے لگا ۔اورہمہ وقت عارف کے ساتھ قریب کے پارک ،بازار اورریسٹورنٹ میں سیر وتفریح ،کھانے پینے اورگھومنے میں مصروف رہنے لگا۔یوں گھومنے پھرنے اور بازار کی چٹخارے دارچیزیں کھانے کے نتیجے میں شارق کا پورے مہینہ کا جیب خرچ محض ایک ہفتہ میں ہی ختم ہوجاتا۔ اب یہ اس کی پورے مہینے کی ضروریات کے لئے ناکافی تھا۔وہ اپنے جیب خرچ کی کمی کو بہت شدت سے محسوس کرنے لگا۔ اس نے اپنے والد سے جیب خرچ بڑھانے کا کہاتو انہوں نے اپنی مجبوریوں کی فہرست اسے سنادی ۔ جب شارق نے اپنے دوست عارف سے اس سلسلے میں بات کی تو عارف نے اس سے کہا دیکھو دوست اپنا حق لینا پڑتا ہے۔ کوئی نہ دے تو چھین لو،کوئی نہ دیکھ رہا ہوتوچرالو لیکن چھوڑو نہ۔تمہارے والد کی دولت تمہاری ہی تو ہے۔ تم ایساکرو انہیں بغیر بتائے ان کے بٹوے سے پیسے غائب کرنا شروع کردو ۔میں بھی تو ایسا ہی کرتا ہوں ۔کبھی کسی کو مجھ پر شک نہیں ہوا۔ بس ذرا ہوشیاری کی ضرورت ہے۔ پھر وہ اس کے گھر کے بارے میں کھوج کرید کرنے لگا۔ عارف نے محسوس کیا کہ شارق کے گھر والے شارق پر اندھا اعتماد کرتے ہیں ۔ اور شارق کے لئے گھر سے اضافی روپے حاصل کرنا قطعا دشوار نہ ہوگا۔ اس نے اسے طرح طرح کے حیلے بہانے بتائے ۔لیکن شارق کا دل مطمئن نہ ہوا۔ لیکن جب مستقل برین واشنگ کا سلسلہ چلتا رہا اور شارق کے بڑھتے ہوئے اخراجات اوراپنے دوستوں سے لئے گئے قرض کی رقم بڑھتی گئی تو اس پر عارف کا یہ وار کامیاب ہوا۔
اس نے عارف کی بتائی ہوئی ہدایات کے مطابق ایک صبح پہلی دفعہ ڈرتے ڈرتے اپنے والد کے بٹوے سے 100 روپے کا نوٹ نکال لیا۔ چند ایک بار کامیابی سے ایسا کرنے کی صورت میں اس کے دل سے ڈر بھی نکل گیا۔پیسے کی فراوانی اورزیادتی کے سبب اب وہ زیادہ باعتماد ہوگیا۔ اب وہ بڑی مہارت سے اپنا کام سرانجام دیتا،یوں وہ کبھی اپنی والدہ ،کبھی والد اورکبھی بڑے بھائی کے پرس میں کامیاب نقب لگانے لگا۔
جب بار بار ایسا ہوا تو گھر میں ایک شور برپا ہوگیا کہ ایسا کون کرتاہے۔ شارق کے والدین کو اپنے بیٹے پر بڑا فخر تھا۔ اس کا ٹریک ریکارڈ بھی انتہائی شاندار تھا۔لیکن یہ بھی حقیقت تھی کہ گھر سے مستقل پیسے چوری ہونا شروع ہوچکے تھے۔
اس کے والدین بہت پریشان رہنے لگے۔ انہوں نے بڑی کھوج کرید کی ۔لیکن کچھ سراغ نہ مل سکا۔ ایک دفعہ شارق کے والد اپنا بٹوہ میز پر رکھے بیٹھے تھے کہ دروازہ کی گھنٹی بجی۔ وہ اٹھ کر جانے لگے ابھی کمرے سے باہر نکلے تھے کہ انہوں نے شارق کو اپنے کمرے میں جاتادیکھا۔ وہ نظراندازکرکے آگے بڑھے اچانک انہیں ایک خیال آیا وہ واپس مڑکر آئے ۔جوں ہی انہوں نے اپنے کمرے میں جھانکا تو عجب منظر ان کا منتظرتھا۔ شارق ان کے پرس پر ہاتھ صاف کررہاتھا۔ اب جب کہ انہیں معلوم ہوچکا تھا کہ یہ پیسے چرانے والا کوئی اورنہیں ان کا اپنا پیارابیٹا ہے تو ان کے پاؤں تلے سے زمین کھسک گئی۔ شارق کے والد صاحب ایک پڑھے لکھے جہاندیدہ آدمی تھے۔ وہ جانتے تھے کہ سختی یا کسی بھی قسم کی سزا بچوں کے رویئے مستقل تبدیل کرنے سے قاصر ہے۔ انہوں نے اس معاملے کی کسی کو بھی خبر نہ کی۔ اور غوروفکر کے بعد ایک لائحہ عمل مرتب کیا۔
وہ کسی مناسب وقت کے انتظار میں تھے۔انہوں نے شارق کی نگرانی شروع کی۔ شارق اس بات سے بے خبر تھا کہ وہ اپنے والد کی نظروں میں آچکا ہے۔ اب کے بار جب شارق نے اپنی والدہ کے پرس سے پیسے چرائے تو اس کے والد نے انہیں ایسا کرتے ہوئے دیکھ لیا۔ پھر انہوں نے شارق کا تعاقب کیا۔ شارق اپنے دوست عارف کے گھر گیا۔ وہاں سے دونوں نے ایک پارک کا رخ کیا۔ پارک میں بیٹھ کر انہوں نے پہلے برگر اور آئس کریم کا آرڈر دیا۔ جب انہوں نے یہ چیزیں خرید لیں تووہ پارک میں ایک بینچ پر آکر بیٹھ گئے۔ابھی انہوں نے کھانا بھی شروع نہ کیا تھا کہ ان کے والد یک دم ان کے سامنے آگئے ۔ انہیں وہاں دیکھ کر وہ ہکا بکا رہ گئے۔ وہ اس قدر بدحواس تھے کہ انہیں علم ہی نہ ہوا کہ کب شارق کے والد نے ان کی خریدی ہوئی اشیاء سامنے سے گزرتے ہوئے ایک گداگر کو دیں جو انہیں دعائیں دیتے ہوئے رخصت ہوا۔
اس کے بعد وہ شارق کی طرف متوجہ ہوئے ۔اور کہا:
شارق مجھے تم سے ہرگزیہ امید نہ تھی کہ تم بھی چور بن جاؤ گئے۔
شارق نے کہا :اباجان یہ چیزیں تو میرے دوست عارف نے اپنی رقم سے خریدیں ہیں۔
شارق کے والد نے کہا : دیکھوبرخوردار میں تمہاری حرکتوں سے مطلع ہوچکا ہوں۔ اب میں تمہارے تمام معمولات جانتا ہوں اور مجھے یہ بھی خبر ہے کہ آج کل تم پڑھائی پر بھی توجہ نہیں دےرہے۔تم چوریاں بھی کرنے لگے ہو۔ ویسے تم چور کب سے بن گئے ۔مزید تم جھوٹ بھی بولنے لگ گئے ہو کہ یہ اشیاء تو میرے دوست عارف نے خریدیں ہیں ۔
شارق ہکا بکا وہاں کھڑا اپنے والد کو سنتارہا۔
بیٹا میں نے تو تمہارا نام شارق رکھا تھا جس کے معنی "چمکتا ہوا ” اور”آفتاب” کے ہیں ۔ جو ہر سواپنے چمکنے سے اندھیروں کو مٹاتا ہے لیکن تم دوسروں کو روشنی کیا دوگے تم تو سارق نکلے۔تم جانتے ہوئے عربی زبان میں” سارق” چور کے معنی میں استعمال ہوتاہے۔چور کو روشنی نہیں بلکہ اندھیرا پسند ہے خود بھی اندھیرے میں رہنا چاہتا ہے اوردوسروں کو بھی تاریکوں میں رکھنا چاہتاہے کیوں کہ چوررات کی تاریکی میں بہتر چوری کرسکتاہے۔ آج مجھے خود پر بہت ندامت محسوس ہورہی ہے کہاں میرے طرز عمل میں ایسی کوتاہی رہ گئی جس نے تمہیں چوربنادیا۔
اس نے کہا کہ کیا یہ واقعی چوری ہے۔ میں تو اپنی امی کے بٹوے سے پیسے لایا ہوں ۔ یہ چوری کیوں کر ہوئی ۔ اس کے والد نے کہا تم نے ان کی مرضی کے بغیر پیسے چرائے ہیں۔اور جب تم پیسے چرارہے ہوتے ہو اس وقت تمھارا دل گھبراتا ہے۔اور ایک حدیث مبارکہ کا مفہوم ہے کہ الاثم ماحاک فی نفسک۔گناہ وہ ہے جو تمہارے دل میں کھٹکے۔اگرچہ مفتیان تمہیں کچھ بھی فتوے دیں۔اس حدیث سے ہمیں فلسفہ گناہ کا ادراک ہوتا ہے کہ گناہ کیا ہے؟ کون سے امور گناہ ہیں ان کے لئے یہ ایک حدیث بہت ہی بلیغ کنایہ ہے۔ہر وہ کام جو انسان کے دل میں کھٹکے یا اس کام کے کرنے میں اسے تردد محسوس ہووہ گناہ ہے۔یہاں یہ بات بھی ذہن میں رکھو کہ وہ کبائر وصغائر جن کی احادیث مبارکہ میں صراحت کردی گئی ہے ان کاحرام ہونا واضح ہے اس پر دل کی کیفیت کا کچھ تعلق نہیں۔یہ ایسے ہی کہ صحتمندشخص جس کے ذائقہ اور خوشبو کی حسیں صحیح ہوں تو وہ غذاؤں میں اچھی اورخراب کی تمیز بآسانی کرسکتاہے بنسبت اس شخص کے جو بیمار ہو اورجس کی حسیں جواب دے چکی ہوں وہ صحیح وخراب ،اچھے اوربرے ذائقے میں امتیاز نہیں کرسکتا ۔اب یہاں بھی جس شخص کا دل صحیح وسالم وقوی ہوگا وہ ادنیٰ سے بھی گناہ کے شائبہ کو پکڑلے گا اور اس کے دل میں تردد محسوس ہوگا۔لیکن اگر ایک بار وہ گناہ کرلے گا تو آہستہ آہستہ اس کا دل سیاہ پڑنا (یعنی سڑنا) شروع ہوجائے گا اور وہ حلال وحرام ،نیکی وگناہ کی تمیز کھوبیٹھے گا۔
بہرحال تم خود ہی دیکھ لو گھر سے پیسے اٹھاتے بھی تم ادھر ادھردیکھتے ہو کہ کوئی تمہیں دیکھ تو نہیں رہا،یہ واضح طور پر ڈر کی علامت ہے ۔ پھر اس پیسے کو خرچ کرتے وقت بھی تمہیں سچی خوشی نہ ملے گی۔یہی اگر تم اپنے بہن بھائیوں اور دوستوں کے ساتھ مل کر سب کے سامنے ایک پارٹی کی شکل میں چیزیں کھارہے ہوتے تو تم اس سے کہیں زیادہ لطف اندوز ہوتے۔ لیکن اب تم لوگ ڈرتے ڈرتے اسے کھاتے ہو کہ کوئی دیکھ نہ لے۔ یعنی پیسے چراتے ہوئے بھی ڈر،پیسے خرچ کرتے ہوئے بھی ڈر، پھر ان سے خریدی ہوئی اشیاء کے استعمال کرنےپر بھی ڈر، اور اس کا تم اپنے والدین، بھائی ،بہن اوردوستوں سے ذکر بھی نہیں کرسکتے ۔یہ تمام امور اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں یہ چوری ہی ہے اور تم بھی اسے چوری ہی سمجھتے ہو ورنہ یوں چوری چھپے نہ کھاؤ ۔اوریہ ذہن میں رکھو جیسا کہ میں نے ابھی کہا آج اگر چھوٹی چوری کررہے ہو کل تم بڑی چوریاں اورڈاکےڈالنے لگ جاؤ گے۔ تمہارا نام بھی پھر چوروں اورڈاکوؤں کی فہرست میں لکھاجائے گا۔کیونکہ برائیاں کرنے سے انسان کے دل پر سیاہ نقطہ لگ جاتاہے۔ اگراسے دھویا نہ جائے تو آہستہ آہستہ دل مکمل سیاہ ہوجاتاہے۔ ایک برائی دوسری برائی کا راستہ ہموار کردیتی ہے۔چھوٹی چوری سے انسان بڑی چوریوں کی طرف چلاجاتاہے۔ جیسا کہ حدیث مبارکہ میں بھی ہے ۔ اللہ تعالیٰ کی لعنت ہو اس شخص پر جو رسی کا ٹکڑا چراتا ہے یا انڈا چراتا ہے۔ اس کا مطلب بھی یہی ہے کہ ایک وقت آتا ہے کہ چھوٹی چھوٹی چوریاں کرتے کرتے یہ شخص بڑی چوریوں میں ملوث ہوجاتاہے اور پھر اللہ کی لعنت کا مستحق ہوجاتا ہے۔ اوراس طرح یہ شخص برائیوں کی دلدل میں دھنستا چلاجاتاہے۔ یہاں تک کہ اس کے پاس واپسی کا راستہ بھی نہیں رہتا۔ شیطان ہمارا کھلا دشمن ہے ۔ وہ کبھی نہیں چاہتا کہ انسان اچھائی کے راستے پر چلے۔ اس کے والد اپنی گفتگو جاری رکھے ہوئے تھے دوسری طرف شارق کی قلبی کیفیت بدل رہی تھی۔اس کی آنکھوں پر چھایا ہوا پردہ ہٹ گیا ، وہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا ۔وہ اپنے والد سے معافی مانگنے لگا۔ انہوں نے کہا کہ تم اپنی والدہ اوربھائی سے بھی معافی مانگواور توبہ کرو کہ آئندہ ایسی حرکت کبھی نہ کرو گے۔ اورتم جو پڑھائی سے ہٹ گئے ہو تو اسے بھی صحیح روش پر لاؤ۔پھر واقعی شارق اورعارف میں انقلابی تبدیلی آگئی۔ انہوں نے سچے دل سے توبہ کی۔
اس کے بعد بارہا شارق کے والد نے اسے آزمانے کی کوشش کی ۔خود کئی بار جان بوجھ کر گھر کے مختلف حصوں میں پیسے پھینک دیئے ۔ لیکن شارق کو جب بھی پیسے ملتے تو وہ انہیں اپنے والد یا والدہ کی خدمت میں پیش کردیتا ۔ اور اس نے پیسے اٹھانے کی غلط حرکت آئندہ کبھی نہ کی۔

Share
Share
Share