اُردودلوں کوجوڑنے والی عالمی سطح کی مقبول زبان

Share

20150221_121457

20150221_121037
اُردو دلوں کو جوڑنے والی عالمی سطح کی مقبول زبان
عالمی یوم مادری زبان تقریب سے پرنسپل گری راج کالج ڈاکٹر راجندر پرساد اورڈاکٹر اسلم فاروقی کا خطاب

نظام آباد22فروری( ای میل) زبان خیالات کے اظہار کا ذریعہ ہے۔ تقریر ‘تحریر‘علامتیں اور اشارے زبان کے مختلف روپ ہیں۔ انسان زبان کے بغیر نہیں رہ سکتا۔ بچہ گھر میں جو زبان سیکھ کر آتا ہے اسے مادری زبان کہتے ہیں۔ ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ بچے کی ابتدائی تعلیم اگر اس کی مادری زبان میں ہوتو اس کی ترقی ممکن ہے۔ ہندوستان ایک کثیر لسانی ملک ہے اور کثرت میں وحدت اس ملک کی عظیم شناخت ہے اگر ہم اپنی مادری زبان کا تحفظ کریں گے تو اس سے ہماری تہذیبی شناخت قائم رہے گی۔ اردو دلوں کو جوڑنے والی اور قومی یکجہتی کو پروان چڑھانے والی زبان ہے اس زبان نے ہندوستان کے بشمول عالمی سطح پر عظیم تر تہذیبی اثرات چھوڑے ہیں ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر راجندر پرساد پرنسپل گری راج گورنمنٹ کالج نظام آباد نے کالج میں منعقدہ عالمی یوم مادری زبان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ طلبا اور لیکچررس کے ایک کثیر مجمع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلبا اپنی مادری زبان کے ساتھ انگریزی میں مہارت پیدا کریں تو عالمی سطح پر مسابقت میں انہیں مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ملازم پیشہ90% ہندوستانی ملازمین انگریزی دانی کے سبب متخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے گری راج کالج میں کالج میگزین کے اجرا اور دیگر لسانی سرگرمیوں کی طرف توجہ دلائی۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو گری راج کالج نے کہا کہ یونیسکو کی جانب سے1999ء میں عالمی یوم مادری زبان منانے کا فیصلہ کیا گیا اور ہر سال ساری دنیا میں لسانی و تہذیبی ورثے کی کھوج کے طور پر یہ دن منایا جاتا

ہے انہوں نے کہا کہ اردو ہندوستانی زبان ہے جس نے جد جہد آزادی میں حصہ لیا۔ ہندوستان چھوڑ دو اور جے جوان جے کسان جیسے نعرے اردو نے دئے اقبال نے سارے جہاں سے اچھا قومی ترانہ لکھ کر ہندوستان پر بہت بڑا احسان کیا۔ اردو زبان کی مٹھاس‘اردوغزل اور اردو مشاعرے بلا لحاظ مذہب وملت لوگوں کو جوڑنے کا کام کر رہے ہیں ہندوستان میں بن رہی ہندی فلمیں تمام اردو میں ہوتی ہیں اور مقبول ہیں۔ اردو ذریعے تعلیم سے ماضی کے مقابل اب ملازمت کے زیادہ مواقع ہیں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اور ترجمہ میں اردو کے ماہر طلبا کے لئے ملازمت کے اچھے موقعے ہیں۔ تمام جامعات میں اردو کے شعبہ قائم ہیں اور اردو اساتذہ اور لیکچررس کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں آئیں گے۔ مادری زبان میں تعلیم سے طلبا کو مایوس نہیں ہونا چاہئے اپنی مثال پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی جماعت سے پی ایچ ڈی تک اردو میڈیم میں تعلیم کے باجود انہوں نے پبلک سرویس کمیشن کا امتحان کامیاب کیا اور لیکچرر کے عہدے پر فائز ہوئے اس لئے اردو میڈیم طلبا بھی جہد مسلسل کے ساتھ تعلیم حاصل کریں۔ ہر طالب علم اس بات کا عہد کرے کے زندگی میں ایک نا خواندہ کو اردو پڑھنا سکھائے گا۔ تقریب سے ناگراج شرما کنٹرولر اگزامس‘سنیل کمار لیکچرر انگریزی‘ڈاکٹر روی شنکر شرما لیکچرر تلگو اور راجیش لیکچرر ہندی ‘ توصیف رہبر متعلم بی کام سال اول نے بھی خطاب کیا۔

Share
Share
Share