اک کوجھ مانگتی عورت کی کہانی ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ابن عاصی

Share

ابنِ عاصی

مختصرکہانی : اک کوجھ مانگتی عورت کی کہانی

مصنف: ابن عاصی
جھنگ ۔ پاکستان

وہ جی بھر کے کوجھی تھی اسی لئے ہر وقت ایک ہی دعا کرتی رہتی تھی کہ
،میرے خدا!مجھے دنیا کی سب سے خوبصورت عورت بنا دے،
اس دن بھی وہ یہی دعا کر رہی تھی کہ فرشتہ آحاضر ہوااور کہنے لگا،
،اللہ تیری دعا قبول کرنے کو تیار ہے لیکن اس کی ایک شرط ہے۔۔؟

عورت نے جلدی سے پوچھا ،
مجھے خوبصورت بنا دے،مجھے اس کی ہر شرط قبول ہے،
فرشتے نے کہا،
ٹھیک ہے،لیکن شرط سن لوخوبصورت ہونے کے بعد تمہیں اپنی باقی ساری زندگی اس شہر میں رہنا پڑے گا جہاں اندھے رہتے ہیں ،اور وہاں کوئی آئینہ بھی نہیں ہوگاکہ تم اس میں اپنا آپ دیکھ سکو،
اس عورت کو وہ شرطیں عجیب سی لگیں لیکن خوبصورت ہونے کے شوق میں اس نے دونوں شرطیں تسلیم کر لیں ۔
عورت کی ہاں سن کے فرشتے نے اسے آنکھیں بند کرنے کے لئے کہا اور بتایا کہ اس کی آنکھیں اب اندھوں کے شہر میں ہی کھلیں گی،
عورت کی آنکھ کھلی تو اس نے دیکھا کہ ہر طرف اندھے ہی اندھے ہیں دو چار دن تو خوبصورت ہونے کے شوق نے اس کو اپنا آپ ہی بھلائے رکھا لیکن تھوڑے دنوں کے بعد اس کا دل چاہنے لگا کہ چلو اندھے تونہیں دیکھ سکتے لیکن اپنا حسن وہ خود تو دیکھ لے۔۔۔پر کہاں جی۔۔؟وہاں تو آئینہ نام کی کوئی چیز دور دور تک نہیں تھی تھوڑے ہی دنوں میں وہ اکتا سی گئی اس کا دل چاہنے لگا کہ وہ پیچھے لوٹ جائے کیونکہ یہاں تو وہ اپنا آپ دیکھنے کوبھی ترس گئی تھی۔
آخر ایک دن اس نے پھر اللہ کو یاد کیا تو وہی فرشتہ آگیا۔
،اب کیا ہے۔۔؟فرشتے نے پوچھا
میں یہا ں نہیں رہ سکتی ۔۔۔۔!عورت نے کہا،مجھے واپس میری پچھلی دنیا میں لے جاؤتمہاری بڑی مہربانی ہو گی،
وہاں جانے کا مطلب سمجھتی ہو۔۔؟فرشتے نے کہا
ہاں میں پھر کوجھی ہونے کے لئے تیار ہوں ۔۔۔!عورت نے کہا۔۔۔میں یہاں نہیں رہ سکتی،میں یہاں تھوڑے دن اور رہی تو مر جاؤں گی تم مجھے واپس لے جاؤ۔
فرشتے نے اسے آنکھیں بند کرنے کو کہا اور جب اس نے آنکھیں کھولیں تو اپنے پرانے گھر میں تھی وہ جلدی سے آئینے کی طرف لپکی اور اس میں اپنا آپ دیکھنے لگ گئی،
آج اس بات کو کئی سال ہو گئے ہیں اس شہر کے رہنے والے باہر سے آنے والوں کو بتاتے ہیں کہ
،ہمارے شہر میں دنیا کی پہلی اور شاید آخری عورت رہتی ہے جو ہر وقت خوبصورت نہ ہونے کی دعا مانگتی رہتی ہے،تمہارے شہر میں کوئی ایسی عورت ہے۔۔۔؟
۔ ۔ ۔ ۔
مصنف:ابن عاصی
السعید منزل نقد پورہ جھنگ شہر
موبائل؛۶۷۴۱۹۷۲۔۰۳۳۳

Share

One thought on “اک کوجھ مانگتی عورت کی کہانی ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ابن عاصی”

Comments are closed.

Share
Share