ایم ڈی کراچی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید کی تقریب پذیرائی ۔ ۔ ۔ ۔ سید عارف مصطفیٰ

Share

syed-arif پذیرائی
نفاز قومی زبان تحریک اور بزم شعر و سخن کے زیراہتمام
ایم ڈی کراچی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید کی تقریب پذیرائی

رپورٹ: سید عارف مصطفیٰ

ایم ڈی کراچی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید کے اعزاز میں نفاز قومی زبان تحریک اور بزم شعر و سخن کے زیراہتمام اکادمی ادبیات کے ہال میں ایک تقریب پذیرائی منعقد کی گئی جو انکی جانب سے اپنے ادارے میں اردو کے نفاذ کے فیصلے پہ اظہار ستائش کے لیئے ترتیب دی گئی تھی اور جس میں انہیں ‘ نشان سپاس و اعتراف بخدمت اردو ‘ دیا گیا – اس پروقار تقریب کی صدارت معروف شاعر اور دانشور جناب سحر انصاری نے کی جبکہ مہمان اعزازی نامور شاعر شاداب احسانی اور ماہر تعلیم و دانشور پروفیسر ہارون الرشید تھے- پروگرام میں شرکاء کی حاضری بھرپور رہی اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراداورنامور اہل علم و صاحبان فکرو نظر کی بڑی تعداد نے شرکت کی

اپنے اعزازمیں میں ہونے والی اس تقریب پزیرائی میں مہمان خصوصی مصباح الدین فرید نے خطاب کرتے ہوئے اردو کو دنیا کی تیسری بڑی اور عالمی سطح کی اہم زبان قرار دیا کے جو ہر قسم کے تدریسی و پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی کے قابل ہے لیکن بدقسمتی سے یہاں ایک مخصوص مراعات یافتہ طبقہ اسکے نفاذ کی راہ میں رکاوٹ بنا ہوا ہے جبکہ اس میں سے بھی بیشتر کو مناسب طور پہ انگریزی میں لکھنا پڑھنا نہیں آتا- انہوں نے کہا کہ انہیں بہت مسرت ہے کہ انکے اس قدام سے واٹر بورڈ کو سپریم کورٹ کے نفازاردو کے تاریخی فیصلے پہ عملدرآمد کرنے والے اداروں میں سبقت کا اعزاز حاصل ہوا- انہوں نے یہ بھی بتایا کے واٹر بورڈ میں اردو کے نفاذ سے 80 فیصد ملازمین کو بہت فائدہ ہوا ہے کیونکہ ادارے کا بیشتر عملہ زیادہ تر تکنیکی و جسمانی محنت کے کاموں سے منسلک ہے اور اردو کے نفاذ کے اقدام کے بعد سے انکی اردو میں مراسلت اور اطلاعاتی رپورٹوں کی تیاری سے انکا کام بہت چوکسی اور آسانی سے ہوپا رہا ہے انہوں نے عدالتی فیصلے کی تعمیل میں نفاز اردو کا ایک دیا جلادیا ہے اور انہیں یقین ہے اس دیئے دے کئی اور دیئے روشن ہوسکیں گے – آخر میں انہوں نے کراچی میں پانی کے بحران سے نمٹنے میں اپنی حکمت عملی کے اہم نکات کو بھی واضح کیا اور اس عزم کا اظہارکیا کہ وہ اسی تندہی اور لگن سے کراچی کے تمام شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے رکھیں گے
تقریب پزیرائی کے آغاز میں خیر مقدمی تقریر کرتے ہوئے نفاز قومی زبان تحریک کے صدر سید عارف مصطفیٰ نے اس امر پہ سخت افسوس کا اظہار کیا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آئے سوا سال ہوچلا ہے لیکن ابھی تک اس پہ عملدرآمد کے لیئے حکومت نے سوائے خالی خولی باتوں اور وعدوں کے کچھ بھی نہیں کیا اور حتیٰ کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ آنے کے بعد سے دوسری بار منعقد ہونے والے مقابلے کے امتحانات میں بھی اردو کو ذریعہء اظہار بنانے کی سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر اردو کو کار سرکار اور تدریسی امور میں اسکا جائز آئینی مقام جلد سے جلد نہ دیا گیا تو پھر عوامی سطح پہ ٹکراؤ اور تصادم کی کیفیت پیدا ہونا ناگزیر ہے جس سے امن امان کی صورتحال ابتر ہوسکتی ہے اور اس سے بچنے کی ہرممکن کوششیں کی جانی چاہیئیں -نفاز قومی زبان تحریک کے جنرل سیکریٹری آفتاب الدین قریشی نے اس موقع پہ خطاب کرتے ہوئے اردو زبان کوقومی سالمیت اور یکجہتی کے لیئے ناگزیر قرار دیا – انہوں نے کہا کہ درحقیقت یہ اردو ہی ہے کہ جسنے ملک کی وحدت کی مضبوطی کے لیئے زنجیر کا کردار ادا کیا ہے – بزم شعر و سخن کے جنرل سیکریٹری احمد ضمیر نے نفازاردو کے معاملے میں حکومتی بے حسی پہ سخت افسوس کا اظہار کیا اور کہا کے سندھ میں چودہ سال سے گورنری کے منصب پہ فائز گورنر اگر نفازاردو کے کام کو صرف 14 منٹ بھی دیدیتے تو ابتک اردو کے نفاز میں بڑی پیشرفت ہوجاتی
محقق و دانشور رضی الدین سید نے اردو کو بہت سی زبانوں کی تال میل سے تشکیل پانے والی ایسی اہم زبان قرار دیا کہ جسکے بہت سے الفاظ کئی غیرملکی زبانوں میں بھی موجود ہیں اور اسکی یہ نوعیت اسے بین الاقوامی اہمیت عطا کرتی ہے – ماہر تعلیم پروفیسر ہارون الرشید نے اردو کے نفاز کو سارے ملک کی اہم ترین ضرورت قرار دیا کیونکہ یہ سب شہریوں کے رابطے اور تفہیم کو ممکن بناتی ہے – کئی مواقع پہ اردو کے محافظ کا کردار ادا کرنے والے بزرگ مسلم لیگی رہنما آزاد بن حیدر نےکہا کے اردو کے نفاذ سے طبقاتی نظام دیکھتے ہی دیکھتے زمین بوس ہوجائے گا اور قوم کو گوروں کے ذہنی غلام کالے انگریزوں کے تسلط سے نجات مل جائے گی – مہمان اعزازی شاداب احسانی نے اردو کو پاکستان میں جمہور کی آواز قرار دیا اور کہا کے جس ملک میں سرکاری سطح پہ جمہور کی زبان ہی میں کام نہ کیا جائے وہاں جمہوریت کا ہونا بے معنی بات ہے – یہاں اس خطے میں اردو کا نفاز یہاں کے تمام شہریوں کے یکساں مفاد میں ہے اور وہ ایسا کرکے کسی اور پہ نہیں خود ہی پہ بڑا احسان کرینگے- پزیرائی کی تقریب کے صدر سحرانصاری نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کے وقعتاً واٹر بورڈ میں اردو نافذ کرکے مصباح الدین فرید صاحب نے بہت بڑا کام کیا ہے کیونکہ اردو کے نفاز کے عدالتی فیصلے کے آنے کے موقع پہ ایک بیورو کریٹ نے اس پہ عملدرآمد اور نفاز کو قطعی ناممکن قرار دیا تھا اور مصباح فرید نے اس ناممکن کو ممکن کردکھانے کی راہ میں پہلا پتھر پھینک د یا ہے-
آخر میں بزم شعر وسخن کے صدر شیخ طارق جمیل نے کہا کہ اس تقریب پزیرائی میں شرکاء کی کثیر تعداد میں شرکت نے یہ ثابت کردیا ہے کہ اس راہ میں اب ہم اکیلے نہیں اور بہت سے عاشقان اردو اب اس میں ہمارے ہم نوا و دمساز بن چکے ہیں اور یہ آفاقی سچائی بھی ابھر کے سامنے آئی ہے کہ اگر جزبہ صادق ہو تو کوئی کام بھی ناممکن نہیں ہوتا اور اس کٹھن مرحلے کو سر کرنے پہ ایم ڈی واٹر بورڈ ہی نہیں انکے ادارے کا سارا عملہ بھی مبارکباد کا مستحق ہے اسکے بعد مہمان خصوصی نے نفازتحریک اردو کے صدر عارف مصطفیٰ اور بزم شعروسخن کے صرد شیخ طارق جمیل کو اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ پیش کیا جبکہ آزاد بن حیدر کی جانب سے انکی کتب کے تحائف تمام مقررین میں تقسیم کیئے گئے اور اس دلپذیر تقریب کا اختتام عشائیئے پہ ہوا-

Share
Share
Share