بیت المقدس مسلمانوں کی مذہبی میراث ہے : – مفتی امانت علی قاسمیؔ

Share
مفتی امانت علی قاسمیؔ

بیت المقدس مسلمانوں کی مذہبی میراث ہے

مفتی امانت علی قاسمیؔ
استاذ دار العلوم حیدرآباد
E-mail:
07207326738 Mob:

اس روئے زمین پر اللہ کا پہلا گھر خانۂ کعبہ ہے اور دوسرا خانۂ خدا ،مسجد اقصی ہے ، ایک روایت میں ہے حضور ﷺ سے سوال کیا گیا یا رسول اللہ سب سے پہلی مسجد کون سی ہے آپ نے ارشاد فرمایا مسجد حرام، سوال ہوا اور دوسری ؟آپﷺ نے فرمایا مسجد اقصی، پوچھا گیا ان دونوں کے درمیان کتنا فاصلہ ہے ،آپ ﷺنے ارشاد فرمایا چالیس سال کا ، یہ مسئلہ علما ء کے درمیان اختلافی ہے کہ مسجد حرام کی تعمیر سب سے پہلے کس نے کی، ایک روایت ہے کہ حضرت آدم علیہ السلام نے ،اور ایک روایت یہ ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اسی طرح اس میں بھی اختلاف ہے کہ مسجد اقصی کی تعمیرسب سے پہلے کس نے کی ہے

ایک قول ہے کہ حضرت سلیمان علیہ السلام نے اور دوسری روایت ہے کہ حضرت یعقوب علیہ السلام نے لیکن زیادہ صحیح یہ ہے خانۂ کعبہ کی تعمیرحضرت ابراہیم نے اور بیت المقدس کی تعمیر حضرت یعقوب علیہ السلام نے کی ہے اس لئے کہ ان دونوں کی عمر میں چالیس کا فاصلہ ہے ،جبکہ حضرت ابراہیم اور حضرت سلیمان کی عمر میں کئی سو سال کا فاصلہ ہے ۔
اسلام کے ابتدائی زمانہ میں آپ ﷺ بیت المقدس کی طرف رخ کرکے نماز پڑھتے تھے مکہ میں تیرہ سال اور مدینہ ہجرت کرنے کے بعد سولہ یا سترہ مہینہ آپﷺنے بیت المقدس کی طرف رخ کرکے نماز پڑھی ہے اس لئے مسجد اقصی مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، جس طرح مسجد حرام میں نماز پڑھنے کی فضیلت ہے اسی طرح مسجد اقصی میں نماز پڑھنے کی فضیلت ہے ،مسجد حرام کی بنسبت مسجد اقصی میں ایک چوتھائی ثواب ملتا ہے ، ایک روایت میں ہے مسجد حرام میں نماز پڑھنے کا ثواب ایک ہزار نمازوں کا ملتا ہے اور مسجد اقصی میں ڈھائی سو نماز پڑھنے کا ثواب ملتا ہے، یہ وہ جگہ ہے جہاں آپ ﷺ نے ابنیاء کی امامت فرمائی ہے ، سفر معراج کی پہلی منزل بیت المقدس ہے بعض روایت میں ہے کہ معراج پر تشریف لے جاتے وقت ہی آپ نے ابنیاء کی امامت فرمائی تھی جبکہ بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ معراج سے واپسی پر آپﷺ نے بیت المقدس میں فجر کی نماز میں انبیاء کی امامت فرمائی ، ایک حدیث میں ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا کہ عبادت کی نیت سے کسی مسجد کا سفر کرنا درست نہیں ہے سوائے تین مساجد کے مسجد حرام ، مسجد نبوی ، اور مسجد اقصی ، یہ وہ وجوہات ہیں جن کی بنیاد پر بیت المقدس سے مسلمانوں کا رشتہ ایمانی اور مذہبی ہے ،آپ ﷺ نے پیش گوئی فرمائی تھی کہ مسلمان بیت المقدس کو فتح کر لیں گے آپ ﷺ کی پیش گوئی بہت جلد پوری ہوگئی اور ۱۴ء میں حضرت عمر فاروقؓ کے زمانے میں حضرت عبیدہ بن الجراحؓ نے لشکر کشی کی اور فلسطین کا محاصرہ کرلیا اس وقت اس کا نام ایلیا تھا چالیس روز کے محاصرے کے بعد فلسطینی مصالحت کے لئے تیار ہوگئے ،لیکن ان کی شرط تھی کہ مصالحت پر دستخط مسلمانوں کے خلیفہ خود آکر کریں حضرت عمر فاروقؓ نے صحابہ سے مشورہ کیا اور فلسطین تشریف لے آئے اور معاہدہ پردستخط فرمادئے جس کی رو سے بیت المقدس پرمسلمانوں کا قبضہ ہوگیا ، اور فلسطینی جزیہ دے کر مسلمانوں کے زیر سایہ رہنے لگے، ایک زمانے تک بیت المقدس مسلمانوں کے قبضہ میں رہا ، پانچویں صدی ہجری میں سلجوقی حکومت کا فاطمی حکومت سے مقابلہ ہوا اور فاطمیوں نے ان سے بیت المقدس اپنی تحویل میں لے لیا اس کے بعد ۴۹۳ ؁ھ میں پہلی صلیبی جنگ ہوئی اور بیت المقدس صلیبیوں کے ہاتھ میں چلا گیا اس کی بازیابی کے لئے اللہ تعالی نے سلطان صلاح الدین ایوبی کو پیدا فرمایا ، صلاح الدین ایوبی یہ دیکھ کر کہ جس بیت المقدس کے ساتھ مسلمانوں کا والہانہ رشتہ رہا ہے آج وہ غیروں کے ہاتھوں میں ہے وہ تڑپ جاتے ہیں ان آنکھیں نم ہو جاتی ہیں ، ان کے چہروں پر ہمیشہ غم کے آثار رہتے ہیں بالاخر وہ ایک مضبوط فوج تیار کرکے بیت المقدس کی بازیابی کا عزم مصمم کرلیتے اور سلطان کے عزم و استقلال کے آگے صلیبی فوجیں ڈھیر ہو جاتی ہیں ، مقابلہ تو خوب ہوتا ہے مسلمان بڑی تعداد میں شہید ہوتے ہیں عیسائی بیت المقدس کے ارد گرد بہت مضبوط قلعہ تعمیر کرتے ہیں جسے عبور کرپانا بہت مشکل ہوتا ہے، لیکن ایوبی کی ہمت اور عزیمت کے آگے مضبوط قلعہ مسمار ہوجاتا ہے اور نوے سال کے عرصے کے بعد ۵۸۳ھ ؁میں بیت المقدس پردوبارہ اسلامی پر چم لہرانے لگتا ہے ۔
حضرت عمر فاروق نے بیت المقدس کے فتح ہونے کے بعد وہاں ایک مصلی تعمیر کروایا تھا ، پھر اموی خلیفہ عبد الملک بن مروان نے اس سادہ مصلی کو از سر نو تعمیر کرایا اوراس کے شمالی جانب میں ایک قبہ بھی تعمیر کرنے کا حکم دیا ،لیکن ان کی زندگی نے وفا نہ کی اور یہ کام ان کے ہاتھوں تکمیل کو نہ پہنچ سکا پھر ان کے بیٹے ولید بن عبد الملک نے المصلی الجامع اور قبۃ الصخرا کو عالی شان انداز میں تعمیر کیا یہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ بیت المقدس ایک بہت بڑے احاطہ کا نام ہے جس کی چاروں طرف سے مضبوط دیواروں کے ذریعہ گھیرا بندی کی گئی ہے اور یہ حصہ غیر مسقف ہے اس میں المصلی الجامع اور قبۃ الصخرا کے علاوہ اور بھی چیزیں تعمیر کی گئی ہیں اور ہر دور میں مسلم حکمرانوں نے مسجد حرام کی طرح بیت المقدس کی تعمیر و تزئین کار ی کے ذریعہ فن تعمیر کی عظیم شاہ کاری کا مظاہرا کیا ہے آج کل جو بیت المقدس کی تصویر دکھائی دیتی ہے وہ درحقیقت قبۃ الصخرا کی تصویر ہے بیت المقدس تو بہت بڑے رقبہ پر پھیلا ہو ا ہے ۔
یہودیوں کے سلسلہ میں اتنا کہ دینا کافی ہے اسلام کے ابتدائی زمانہ سے وہ مسلمانوں کے بد ترین دشمن ہیں انہوں نے عہد نبوی میں بد عہدی کی اس کے علاوہ اسلام کو جس طرح نقصان پہنچاسکتے تھے اس سے دریغ نہیں کیا قرآن نے ان کی عداوت و دشمنی کے سلسلے مختلف آیتیں نازل کی ہیں یہودی فلسطین پر اپنا حق مانتے ہیں اور بیت المقدس کی جگہ پر ہیکل سلیمانی تعمیر کرنا چاہتے ہیں ، اسلام سے قبل یہودی فلسطین میںآباد تھے لیکن ۱۳۵ء میں رومی شہنشاہ ہیڈریان نے یہودیوں کو فلسطین سے جلاوطن کردیا تھا ۱۷۰۰برس تک یہودیوں کو یہاں آباد ہونے کی اجازت نہیں تھی اس مدت میں صرف نوے سال تک بیت المقدس عیسائیوں کے قبضہ میں رہا ،سب سے پہلی مرتبہ ۱۸۸۰ء ؁میں کچھ یہودی خاندان فلسطین میں آکر آباد ہوئے پھر ۱۸۹۷ء ؁ میں یہودی تحریک معرض وجود میں آئی جس کا مقصد فلسطین پر قبضہ کرنا اور ہیکل سلیمانی تعمیر کرنا تھا ، ۱۹۰۱ء ؁میں ہرٹزل نے ترکی خلیفہ سلطان عبد الحمید کو لالچ دیا اس وقت فلسطین خلافت عثمانیہ کی ماتحتی میں تھا ،کہ آپ فلسطین میں یہودیوں کے مملکت کے قیام کی اجازت دے دیجئے ،یہودی ترکی کا سارا قرضہ چکا دیں گے ،لیکن سلطان عبد الحمید نے نہ صرف ان کے پیش کش کو ٹھوکرا دیا دیا بلکہ ان کی غیرت ایمانی جوش میں آگئی انہوں نے کہا ہم اس وطن کی ایک بالشت زمین بھی اس وقت تک نہیں دیں گے جب تک کہ اس پر ہمارا خون نہ بہ جائے ، یہودی اس بات پر سلطان کے مخالف ہوگئے اور ۱۹۰۸ء ؁ میں سازش کے ذریعہ ان کو معزول کر دیا گیا ۱۹۱۴ء ؁میں جب پہلی جنگ عظیم برپا ہوئی تو برطانیہ نے دو قومی نظریہ کے ذریعہ تحت عربوں اور ترکوں میں منافرت پیدا کردی اور عرب برطانیہ کے اور ترکی جرمنی کی حلیف ہوگئے ،اس دوران وائزمین نامی ایک یہودی نے برطانیہ کو یہ پیش کش کی کہ اگر جرمنی پر فتح کی صورت میں فلسطین میں یہودیوں کا قومی وطن بنا دیا جائے تو یہودی اس جنگ کا سارا خرچہ برداشت کرنے کو تیار ہیں ، اور ۱۹۱۷ء ؁ میں یہ خفیہ معاہدہ ہوگیا جسے تاریخ میں اعلان بالفور کے نام سے یاد کیا جاتا ہے ، یہ معاہدہ برطانیہ کے دھوکے بازی اور بربریت کاعملی ثبوت ہے اور یہ وہ بد نما داغ ہے جسے انگریز کبھی دھو نہیں سکتے اس لئے کہ عربوں کی زمین انگریزوں کو فیصلہ کرنے کا کوئی حق نہیں پہنچتا ہے پھر وہ انگریز شریف مکہ سے بھی وعدہ کرچکے تھے کہ عرب کی زمین پر عرب کی حکومت ہوگی اسی معاہدے کی وجہ سے شریف مکہ نے ترکی کے خلاف بغاوت کی تھی ، جس کی وجہ سے فلسطین اور عراق پر برطانیہ کا قبضہ ہوا تھا لیکن مسلمانوں سے کیا گیا وعدہ نظر انداز کرکے فلسطین یہودیوں کو دے دیا گیا ۱۹۱۷ء ؁میں فلسطین کی یہودی آبادی چھپن ہزار تھی ،لیکن اعلان بالفور پر عمل ہونے کی وجہ سے ۱۹۲۱ء ؁میں یہودی آبادی ۸۳ہزار پہنچ گئی اور بڑی تیزی سے یہودی آباد ہونے لگے۱۹۲۲ء سے ۱۹۴۷ء کا زمانہ برطانوی انتداب کا زمانہ ہے جس میںیہودیوں کو بسانے کا کام منظم طور پر کیا جاتا ہے اور فلسطین کی زمین خریدنے کے لئے خزانے کے منھ کھول دئے جاتے ہیں اب یہودیوں کی آبادی چار لاکھ سے تجاوز کرجاتی ہے ۹۴۷ ۱ء میں برطانیہ نے مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ میں پیش کردیا اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطین کو عربوں اور یہودیوں کے درمیان تقسیم کردیا ، اور فلسطین کا پچپن فیصد رقبہ یہودیوں کو اور پینتالیس فیصد رقبہ عربوں کو دے دیا یہ تقسیم بالکل ظالمانہ تھی کہ عربوں کی زمین بلا کسی وجہ کے زبردستی یہودیوں کو دے دی گئی تھی ، اس لئے عرب اس تقسیم سے راضی نہیں تھے، لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ یہودی بھی اس تقسیم سے راضی نہیں ہوئے چنانچہ انہوں نے لڑائی کے ذریعہ عرب کی باقی زمینوں پر قبضہ کرنا شروع دیا ۱۴مئی۱۹۴۸ء ؁کو یہودیوں نے اپنے قومی وطن اسرائیل کا اعلان کر دیا جسے امریکہ اور برطانیہ نے سب سے پہلے تسلیم کرلیا ، اس وقت عرب ممالک نے اس تقسیم کی مخالفت کی اور کوششیں کی لیکن یہودی جارحیت کے سامنے عربوں کی ایک نہ چلی بالآخر ۱۹۶۷ء ؁میں عرب اسرائیل جنگ کے نتیجہ میں بیت المقدس مسلمانوں کے ہاتھوں سے نکل گیا ،بلکہ انہوں کے بیت المقدس کے علاوہ مصر کے صحرائے سینا ء اور شام کے جولان کی پہاڑیوں پر بھی اپنا قبضہ جما لیا ، اس طرح تیرہ سو سال جو بیت المقدس مسلمانوں کے قبضہ میں تھا یہودیوں کا اس پر قبضہ ہوگیا ۔
اب ان کا منصوبہ یہ ہے بیت المقدس کو منہدم کر کے ایک عظیم ہیکل سلیمانی وہاں پر تعمیر کی جائے اس کے لئے وہ منصوبہ بند کوششیں کررہے ہیں ، کبھی اس کے ارد گرد کھدائی کرتے ہیں ، سرنگیں بناتے ہیں ، تا کہ بیت المقدس کی بنیادوں کو کھوکلاکیا جا سکے ، بیت المقدس میں موجود قبروں کے نشان یا اس کے اسلامی نشان کو مٹا رہے ہیں ، اس شہر سے اسلام کے نشان کو مٹانے کے لئے مسجدوں کو مسمار کر رہے ہیں ، وہاں موجود مسلمانوں کو جبر و تشدد کے ذریعہ فلسطین چھوڑنے پر مجبور کیا جاتا ہے کبھی بیت المقدس میں آگ لگا دی جاتی ہے گویا ہر طرح بیت المقدس کو نیست و نابود کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، لیکن قربان جائیے فلسطینی مسلمانوں پر کہ بے سروسامانی کے عالم میں اپنے حقوق کے لئے لڑ رہے ہیں، اپنی ہمت کا مظاہرہ کررہے ہیں ، نوجوان اور بچے بھی اس جنگ میں پیچھے نہیں ہیں ، اپنی جان کی بازی لگا کر بیت المقدس کی بازیابی کی جد و جہد کررہے ہیں ۔
اسلام نے دنیا کے تمام مسلمانوں کو ایک جسم کی طرح قرار دیا ہے اگر جسم کے کسی حصے کو تکلیف ہوتی ہے تو پورا جسم تکلیف محسوس کر تا ہے اسی طرح اگر دنیا کے کسی خطے میں مسلمان تکلیف میں ہوں تو ہندوستانی مسلمانوں کو بھی وہ تکلیف محسوس ہونی چاہئے ،اگرفلسطین کے مسلمان اسرائیلی جارحیت کے شکار ہیں تو ہندوستانی مسلمانوں کو اس کے خلاف دستوری جد جہد کرنی چاہئے اور اپنے ایمان و یقین کا ثبوت پیش کرنا چاہئے ، ہمیں مسئلہ فلسطین کا مطالعہ کر نا چاہئے ، ہماری نوجوان نسل شاید اس پورے قضیہ سے ہی نا بلد ہے ، ضرورت اس ہے کہ ہم تاریخ کا مطالعہ کریں ، حالات سے واقفیت حاصل کریں ، فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اگر کچھ نہیں کر سکتے تو کم از کم ان کے ساتھ اظہار ہمدردی و غم خواری کا معاملہ ضرور کر سکتے ہیں اتنا تو ہمارا حق ضرور بنتا ہے ان نہتے ، جانباز فلسطینیوں کے لئے ، اللہ تعالی فلسطینی مسلمانوں کی مدد فرمائے اور کوئی صلاح الدین پیدا کرے جو مسلمانوں کی مذہبی میراث کو واپس دلاسکے فلسطین مسلمانوں کی مذہبی میراث ہے مسلمان کبھی بھی اور کسی صورت میں اس سے دست بر دار نہیں ہو سکتے ہیں ۔

Share
Share
Share