کتاب: لغات – تحقیق و تنقید – مصنف : ڈاکٹر روف پاریکھ

Share

مبصر : ڈاکٹر تہمینہ عباس

کتاب:- لغات: تحقیق و تنقید- -مصنف: ڈاکٹر روف پاریکھ
پبلشر: سٹی بک پوائنٹ ، اردو بازار ، کراچی
سا ل اشاعت: ۲۰۲۰ء

لغات: تحقیق و تنقید نامی کتاب ڈاکٹر روف پاریکھ نے مرتب کی ہے۔ ڈاکٹر روف پاریکھ پاکستان کے مشہور ماہر لسانیات ہیں۔لغت ، تحقیق اور تنقید کے حوالے سے ان کے ان گنت مقالے اور کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں۔لغت نویسی کے موضوع پر کام کرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اس موضوع پر کام کم ہو ا ہے۔لغات اور لغت نویسی کے موضوع پر اہل علم اور ماہرین کے مقالات پر مبنی ڈاکٹر روف پاریکھ کی مرتبہ یہ چوتھی جلد ہے۔اس سے قبل اس موضوع پر ڈاکٹر روف پاریکھ کے مقالات کےدو مجموعے بھی شائع ہو چکے ہیں۔


اس کتاب میں مندرجہ ذیل ماہرین کے مقالے شامل ہیں۔ مولوی عبد الحق، جمیل الدین عالی، خلیق انجم، شاہد حمید، سید عبداللہ، شوکت سبزواری، کمال احمد صدیقی، رشید حسن خان، اکبر حسین قریشی، عبدا لرشید، پروفیسر روف پاریکھ۔ پہلے مقالے کا عنوان ہے” اردو –اردو لغت : رہنما اصول” میں لغت نویسی کے وہ اصول درج کیے گئے ہیں جو ہندوستان میں مرتب کی جانے والی مجوزہ اردو بہ اردو لغت کے لیے درج کیے گئے تھے۔یہ اصول سابق ترقی اردو بیورو ( وزارت تعلیم حکومت ہند) نے ۱۹۸۱ء میں اپنے پانچ جلدی اردو –اردو لغت منصوبے کے لیے تیار کروائے اور مشتہر کیے تھَے۔
دوسرا مقالہ مولوی عبدا لحق کا ہے۔ جس کا عنوان ” انگریزی اردو لغات اور انجمن کی انگریزی اردو لغت” ہے۔ اس مقالے میں مولوی عبدا لحق نے مختلف انگریزی اردو لغت کا جائزہ پیش کیا ہے۔جس میں جارج ہیڈلے، فرگسن، ڈاکٹر بورتھ وک، گلکرسٹ، ہنری ہیرس، لیفٹنٹ روبک، دوسا بھائی، سہراب جی، ہنری گرانٹ، متھرا پرشاد، سدا سکھ، ہیزل گرو، ایچ بلاک مین، ڈاکٹر فیلن، درگاہ پرشاد، ریورنڈ کریون، تھابرن، اور رینکنگ کی انگریزی ہندوستانی ڈکشنریز شامل ہیں۔
” انجمن کی انگریزی اردو لغت کی اشاعت ثانی” جمیل الدین عالی کا مقالہ ہے۔جس میں انھوں نے انگریزی اردو لغت کے اشاٰت ثانی کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا تذکرہ کیا ہے۔نیز الفاظ کے نئے اور مناسب معنی درج کیے گئے ہیں۔
” انجمن کی انگریزی اردو لغت” خلیق انجم کا مقالہ ہے۔ یہ انجمن کی لغت ہندوستانی ایڈیشن کا دیباچہ ہے۔اس لغت کی ترتیب کا کام تین سال میں مکمل ہوا۔ اور انجمن کے تقریبا پینسٹھ ہزار روپے اس کام پر خرچ ہوئے۔ انجمن کی مرتب کردہ لغت ایک جامع اور مستند لغت تصور کی جاتی ہے انگریزی سے اردو ترجمے میں عام طور پر اس لغت کا استعمال کیا جاتا ہے۔
” قومی انگریزی اردو لغت: ایک جائزہ” شاہد حمید کامقالہ ہے ۔ اس مقالے میں شاہد حمید نے اس لغت کی خامیوں کا تذکرہ کیا ہے۔
” لغات اردو کی ایک سر سری فہرست” سید عبدا للہ کا مقالہ ہے۔ آٹھ صفحات پر مشتمل اس مقالے میں سید عبدا للہ نے اردو لغات کی ایک فہرست مرتب کی ہے۔جس میں اہم لغات کا نام، سن اشاعت، مرتب کا نام، پبلشر، اور شہر کا نام درج ہے۔
” قادر نامہ” شوکت سبزواری کا مقالہ ہے۔ اس مقالے میں شوکت سبزواری نے ان الفاظ کے معنی درج کیے ہیں۔ جو غالب نے قادر نامے میں استعمال کیے ہیں۔
"غالب اور لغت” کمال احمد صدیقی کا مقالہ ہے۔ اس مقالے میں غالب کی لغت نویسی کو ” قاطع برہان” کے تناظر میں موضوع بنایا گیا ہے۔غالب نے ” برہان قاطع” میں جو غلطیاں کی ہیں ان کی نشاندہی کی ہے۔
” کچھ بہار اردو لغت کے بارے میں ” یہ رشید حسن کا مقالہ ہے۔ اس مقالے میں ” بہار اردو لغت” جو خدا بخش جرنل ( پٹنہ ) کے شمارے میں ۲۸( ۱۹۸۴ء)میں شائع ہوئی تھی۔ اس کا تنقیدی جائزہ لیا گیا ہے اور خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
” استدراک: اردو اشتقاقی لغت” اکبر حسین قریشی کا مقالہ ہے۔ جو انھوں نے ڈاکٹر سہیل بخاری کی لغت” اردو اشتقاقی لغت” پر تحریر کیا ہے۔یہ لغت سہ ماہی اردو میں قسط وار شائع ہوتی رہی ہے۔ڈاکٹر اکبر حسین قریشی نے پانچ سو الفاظ کا ایک ضمیمہ تیار کردیا ہے اور یہ تمام الفاظ معنی کے ساتھ اس مقالے میں شامل ہیں۔
” فرہنگیں اور اردو میں ادبی متون کی فرہنگیں” ڈاکٹر روف پاریکھ کا مقالہ ہے۔ اس مقالے میں ڈاکٹر روف پاریکھ نے فرہنگ اور لغت کے فرق کی وضاحت کی ہے۔انھوں نے ادبی متون کی فرہنگ کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ادبی فرہنگ میں لفظ کے اندراج کی وضاحت کی ہے۔ یہ مقالہ لسانیات کے طلبہ اور لغت نویسی کے اسکالرز کو لغت کے حوالے سےبنیادی معلومات فراہم کرتا ہے۔
"لغات: تحقیق و تنقید "دو سو بارہ صفحات پر مشتمل کتاب ہے ۔ جس میں ۱۲ محقیقین کےمقالے شامل ہیں۔ان مقالوں کا بنیادی موضوع لغت نویسی ہے۔ اس کتاب کو مرتب کرنے کا بنیادی مقصد ڈاکٹر روف پاریکھ نے طلبہ کی معاونت بیان کیا ہے۔بے شک یہ کتاب لغت نویسی ، تحقیق اور تنقید کے حوالے سے دقیق موضوعات کا احاطہ کرتی ہے-

ڈاکٹر تہمینہ عباس
Share
Share
Share