شعبہ اُردو پٹنہ یونیورسٹی کا ’’اُردوجرنل ۔ ۶‘‘۔ ۔ ۔ ۔ احمد علی جوہر

Share

اردو جرنل

رسالہ : اردوجرنل،۶
پبلشر: شعبہ اُردو پٹنہ یونیورسٹی ۔ پٹنہ ۔ بہار
ای میل :

مبصر: احمد علی جوہر
ریسرچ اسکالر۔ جواہرلعل نہرو یونیورسٹی، نئی دہلی۔

۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
شعبہ اُردو پٹنہ یونیورسٹی کا ’’اُردوجرنل،۶‘‘ موصول ہوا۔ اس میں ادارتی صفحات کے بعد گوشۂ ’’ہم عصر اردو ناول‘‘ ہے۔ اس کے تحت بیس مقالات ہیں۔ اُردو جرنل کا یہ شمارہ ہم عصر اردوناول کے مطالعہ پر محیط ہے۔ ہم عصر اردوناول پر اس سے پہلے قمررئیس اور علی احمد فاطمی نے نیاسفر کا خصوصی نمبر ترتیب دے کر شائع کیا تھا۔ اس نمبر میں ۲۰۰۵ء سے پہلے کے ناولوں کا جائزہ لیا گیا تھا۔

اردو جرنل کے اس شمارہ میں ۲۰۱۵ء تک کے ناولوں کا مطالعہ پیش کیا گیا ہے۔ یہ ایک طرح سے نیاسفر کے ہم عصراردوناول نمبر کی توسیع ہے۔ اردوجرنل کا یہ شمارہ ہم عصر اردوناول کے تنقیدی مطالعہ اور اس کے جائزے پر خاصا اہم شمارہ ہے۔ اس میں ویسے تو سارے مقالات اچھے ہیں مگر کچھ مقالات گراں قدر تنقیدی نوعیت کے ہیں۔ ان مقالات میں ہم عصراُردوناول کی فنی مبادیات سے بحث کی گئی ہے۔ ہم عصراُردو ناول میں فکری وفنی سطح پر کیاتبدیلیاں آئی ہیں؟ ہم عصراُردوناول کی ہیئت واسلوب اور زبان وبیان میں کس طرح کے نئے تجربے ہوئے ہیں؟ کن موضوعات پر ناول نگاروں نے فوکس کیا ہے اور موضوعات کے برتاؤ میں کیسا رویّہ اپنایا ہے؟ کیا ہم عصراُردوناول میں سارے ناول تخلیقی سطح پر متاثر کرتے ہیں یا ان میں سے کچھ؟ کیا موجودہ اردوناول کی صورت حال اطمینان بخش کہی جاسکتی ہے؟ ان تمام پہلوؤں پر مقالہ نگاروں نے سنجیدہ گفتگو کی ہے۔ بعض مقالات میں ناولوں کے تجزیے بھی پیش کیے گئے ہیں۔ بعض کرداروں کے بھی تجزیے کیے گئے ہیں۔ یہ تجزیے اس قدر اہم ہیں کہ انھیں باربار پڑھنے کو جی چاہتا ہے۔ دراصل جب تخلیق اور کردار کے بطون میں اُتر کر تجزیے کیے جاتے ہیں تو ایسے ہی بصیرت افروز اور فکرانگیز تجزیے سامنے آتے ہیں۔ بعض مقالات صرف معلوماتی ہیں۔ انھیں بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔ گوشۂ کے بعد ڈاکٹر اشرف جہاں کا ایک مضمون کلیم احمد عاجز پر ہے۔ اس میں کلیم احمد عاجز کو یاد کیا گیا ہے۔ اس کے بعد کلیم احمدعاجز کے تفصیلی سوانحی کوائف بھی درج کئے گئے ہیں۔ رسالہ کا اختتام ایک تبصرہ پر ہوتا ہے۔ مجموعی طور پر اردوجرنل کا یہ شمارہ ہم عصراردوناول پر ایک دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہم عصر اردو ناول پر منفرد نوعیت کے مختلف مقالات کی شمولیت نے رسالہ کو انفرادی رنگ بخشا ہے اور اسے جداگانہ نوعیت کا حامل بنا دیا ہے۔ اس کی ادبی اہمّیت وافادیت مسلم ہے۔مجھے اُمّید ہے کہ ناقدین وقارئین اور اہلِ ادب حضرات اس کاوش کو تحسین کی نظروں سے دیکھیں گے۔
قیمت : دو سو روپیے
تاحیات خریداری : ایک ہزار روپیے
اردوجرنل،۶
شعبہ اُردو پٹنہ یونیورسٹی ۔ پٹنہ ۔ بہار ۔ ۸

ای میل :
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
Ahmed Ali Jauher
احمد علی جوہر

Share
Share
Share