وقت بہت بڑا منصف ہے : – صادق رضامصباحی

Share
صادق رضامصباحی

وقت بہت بڑا منصف ہے

صادق رضامصباحی ،ممبئی
رابطہ نمبر:09619034199

مذہبی ہونابڑی اچھی بات ہے مگرمذہبی ہونے سے قبل یہ سمجھ لینابھی ضروری ہے کہ مذہب کیاہے ،اس کے مطالبے ،تقاضے اوراس کے اثرات کیاہیں۔اگریہ سب سمجھے بغیرہم مذہبی ہوگئے توسمجھ لیجیے ہم سے بڑا مذہب کودھوکہ دینے والاکوئی اورنہیں ہوگاکیوں انسان اس صورت میںخیرکے بجائے شرکی طرف چلاجاتاہے اوراسے پتہ بھی نہیں چلتا۔اسی لیے قرآن کریم میں اللہ نے اپنے مقدس کلام کے متعلق فرمایاکہ ’’اسی سے لوگ ہدایت پائیں گے اوراسی سے گمراہ ہوں گے۔‘‘اس کاکیامطلب ہوا؟مطلب یہ کہ کسی چیزکے مصداق ،اس کے پس منظراورپیش منظرکو سامنے رکھنا نہایت ضروری ہے ورنہ نتائج خطرناک ہوسکتے ہیں-

اس لیے ہمیں یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ انسان کومذہب کی جتنی ضرورت ہے اتنی ہی زیادہ ضرورت مذہبیت کی صحیح تعریف اوراس کے صحیح استعمال کی بھی ہے ۔یہ بات اس لیے کہی جارہی ہے کہ کبھی کبھی ہمارے رویوں ،رجحانات اورمعمولات پرہمارے مخالفین یامخالفین کی صف میں شمارہونے والے افرادکی جانب سے جومنفی تبصرے اورمطالبے آتے ہیںان میں کہیں نہ کہیں حقیقت ہوتی ہے اورکچھ نہ کچھ ملی جلی صداقت بھی،گوکہ یہ تبصرے اورمطالبے عصبیت ،نفرت اورغلط فہمی میں لپٹے ہوئے ہوتے ہیںمگرہماری کمیونٹی کے بعض سنجیدہ طبقوں کویہ غوروفکرکی طرف مائل ضرورکرجاتے ہیںاورانہیں سوچنا پڑتا ہے کہ واقعی ہم سے کہیں نہ کہیں غلطیاں ہورہی ہیں اورمذہبیت کے نام پرلامذہبیت کوفروغ دیاجارہاہے ۔واقعہ یہ ہے کہ ہمیں ان کےازالے کی تگ ودو کرنی چاہیے۔ اگرہم آج اس کی اصلاح کی طرف مائل نہیں ہوئے توکل مخالفین کے ان تبصروں کی نوکیں مزیدتیزاورنوکیلی ہو جائیں گی جو ہمارے دردمیں مزیدشدت کاباعث ہوںگی ۔ گزشتہ دنوں بالی ووڈکے معروف نغمہ نگارسونونگم کےاذان کے متعلق کیے گئے ٹوئیٹ کو سامنے رکھیے توگفتگوسمجھنے میں آسانی ہوگی ۔ہمیں سونونگم کے نظریات سے بالکل اتفاق نہیں البتہ نغمہ نگارکے تبصرے کے بعض پہلو ضرور قاہل توجہ ہیں اوردراصل یہی اس تحریرکے اصل محرک ہیں۔آئیے دیکھیے کہ ہم سے غلطیاں کہا ںہورہی ہیں۔
ہمارےمحلے میں ہرسال بارہویں شریف کے موقع پرگلیوں کوسجایا جاتا ہے ۔ایک سال نہیں بلکہ کئی برسوں تک ایسا ہوا کہ حسب معمول گلیاں سجیں اورجنریٹر کو گلی کے نکڑ پر رکھ دیاگیا۔ میرا گھر اسی نکڑپر ہی واقع ہے ۔میری والدہ کی طبیعت اکثرخراب رہتی ہے ۔(اللہ انہیں صحت سے نوازے اورہم پران کاسایہ دراز فرمائے۔آمین )اُن دنوں کچھ زیادہ ہی خراب تھی ۔رات بھر جنریٹر چلتارہا اور اس کی آوازیں میری والدہ کو پریشان کرتی رہیں ،ذمے داروں کو اس طرف متوجہ بھی کرایا گیا مگروہ اسے ٹال گئے اور میری امی کی چڑاچڑاہٹ میں اضافہ کرگئے۔کیا یہی ہے مذہیبت؟کیایہی ہے سیرت نبوی کا سبق ؟
چھوٹے قصبوں اور دیہاتوں میں آج بھی یہ رواج ہے کہ رمضان المبارک میں سحری کے وقت مسجد کا لائوڈ اسپیکر کھول دیاجاتاہے اور پورے گائوں کو جگایا جاتا ہے ،اندازہ کیجیے جوگھر مسجد کے قریب واقع ہیں ان کے گھرمیں کوئی بچہ ، بوڑھا یا بیمار ہوگا تولائوڈاسپیکرکی یہ آواز کیا انہیں تکلیف نہیں دے گی ؟میراگھرچوں کہ مسجدکے بالکل عین سامنے ہے اس لیے جب جب مسجد کا لائوڈ اسپیکر بجتا ہے تواس کی آواز سیدھے ہمارے گھرکے صحن سے ٹکراتی ہے جس سےگھرمیںسونے والوں کو سونا دو بھر ہوجاتا ہے ۔ کیا یہی ہے مذہبیت اورتدین ؟
ممبئی سمیت تقریباًہرجگہ ہر شہرکے مسلم اکثریتی علاقوں میں کئی مسالک کے لوگ آباد ہوتے ہیں اسی لیے وہاںکئی مسالک کی مسجدیں بھی ہوتی ہیں ۔بعض مسجدیں توبالکل قریب قریب ہی ہوتی ہیں ۔ایک مسجد کی اذان ختم نہیں ہونے پاتی کہ دوسری مسجد کی شروع ہوجاتی ہے ۔اریب قریب کے لوگ بہت چاہتے ہوئے بھی کچھ نہیں کہہ پاتے ۔ المیہ یہ نہیں ہےکہ لائوڈ اسپیکر بجتاہے المیہ یہ ہے کہ ہماری’’ مذہبیت‘‘ اذان کی آواز کودوردورتک پہنچانے پر اصرارکرتی ہے اس لیے وہ یہ نہیں دیکھتی کہ کس کوتکلیف ہورہی ہے اورکسے فائدہ پہنچ رہاہے ۔یہ بھی مشاہدے میں ہے کہ مسجدوں کے لائوڈ اسپیکربہت دورتک بلکہ اپنے محلے سے نکال کردوسرے محلے میں بھی لگادیے جاتے ہیں۔ارے بھئی!تقریباًہرمحلے میں ایک نہ ایک مسجد ضرور ہوتی ہے اور اذان خصوصاً محلے کے نمازیوں کو متوجہ کرنے کے لیے ہی دی جاتی ہے اس لیے دورتک یاایسی جگہ لائوڈ اسپیکر لگانے کا کیا مطلب ہے جہا ںدوسری مسجد واقع ہے یاوہ علاقہ دوسری مسجد کی حدود میں واقع ہے ؟کیااسی کانام ہے مذہبیت اور تدین؟
ہماری یہی ’’مذہبیت‘‘ اور’’تدین ‘‘ہے جس نے غیروں کومخالفت کرنے پرآمادہ کیا اور ہم اس پرسنجیدہ ہونے کوتیارہی نہیں۔،مجھ جیسے لوگوں نے اگر سمجھانے کی کوشش بھی کی توپھرانہیں ہمارا’’ایمان وعقیدہ‘‘ہی ’’خطرے ‘‘ میں نظرآیااورہمیں ’’خارج‘‘ہی کردیا گیا۔کیایہی ہے مذہبیت ؟ اسی لیے ہم جیسے لوگ خامو ش بیٹھے ہیں اور آنے والے واقت کا انتظار کررہے ہیںکیوں کہ وقت بہت بڑامنصف ہے۔ وہ غیرجانب داری سے فیصلہ کرے گاکہ کون ’’مذہبی‘‘ہے اورکون ’’غیرمذہبی‘‘۔آپ بھی انتظار کیجیے ،ہم بھی کرتے ہیں۔ رہے نام اللہ کا۔

Share
Share
Share