بربہوٹی Red Velvet Mite ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ڈاکٹرعزیزاحمد عرسی

Share

 red

وہ جس کو لال مخمل سے بنایا گیا
بربہوٹی
Red Velvet Mite

ڈاکٹرعزیزاحمد عرسی

ورنگل ۔ تلنگانہ
موبائل : 09866971375

دنیا میں خدا کی خوبصورت مخلوقات کی کمی نہیں ،ویسے بھی میں ہمیشہ خدا کی ہر مخلوق کو اپنے درجے میں حسن کی معراج ہی سمجھتا ہوں ، اس کے باوجود بھی کبھی کبھی ہمیں کچھ ایسے مناظر یا جاندار نظر آجاتے ہیں جو ہمارے منظر سے اثر قبول کرنے والے تاروں کو چھیڑتے ہیں اور انسان محویت کے عالم میں انہیں دیکھتا رہتا ہے خود بھی لطف اندوز ہوتا ہے دوسروں کو بھی اس جانب راغب کرتا ہے اور پھر خدا کی قدرت کے گن گانے لگتا ہے۔

ان ہی مخلوقات میں ایک چھوٹا سا عنکبوت جیسا کیڑا (ھیرہ۔Mite) بھی ہے جس کو قدرت نے مخمل سے بناکر باغوں میں چھوڑ دیا ہے تاکہ نہ صرف بچے بلکہ بوڑھے،جوان سب اس کھیل کود کریں اور لطف ندوز ہوں۔مجھے اپنا بچپن یاد آرہا ہے جب مجھے یہ کیڑا اسکول کے میدان میں مل جاتا تھا تو ہم اس کو بڑے جتن سے میاچس کی ڈبیا میں بند کردیتے اور گھر لے آتے،ہم اس زمانے میں اس کیڑے کو’’ پیروں والا مخمل کا چھوٹا گولا‘‘ کہتے تھے ، اسکول کا ہوم ورک کرنے کے دوران ہم نہ جانے کتنی بار اس ننھے کیڑے کو دیکھتے جو ہمارے چھونے پر پیروں کو سکوڑ کر ایک کونے میں دبک جاتا اور نہایت چھوٹے گولے کی طرح ادھر سے ادھر لڑھکنے لگتا۔ پڑھنے کے دوران ہماری ٹوٹتی ہوئی دلچسپی کو میری ماں محسوس کرتی اور قریب آکر میرے ہاتھوں کو دیکھتی ،جب ہاتھوں میں کچھ نہ ملتا تو میز کی دراز کھول کر آخر کاراس میاچس کی ڈبیا کو دیکھ لیتی اور ڈبیا کھولتے ہوئے مجھے ڈانٹنے لگتی کہ تمہیں پڑھنے سے زیادہ کھیل کود کا شوق ہوگیا ہے ، امتحانات نزدیک آرہے ہیں اور تم ہو کہ ۔یہ کہتے ہوئے جب وہ پوری ڈبیا کھول لیتی تو اندر سے مخملیں ’’بھربابوٹی ‘‘جھانکے لگتی اور وہ مجھے ڈانٹنا چھوڑ کر بھربا بوٹی کو دیکھنے میں مشغول ہوجاتی ،اسے ہلاتی جھلاتی اور اس کو چلتا دیکھ کر خوش ہونے لگتی پھر سب کچھ بھول کر کہنے لگتی کہ ۔ بیٹے ۔ہم جب اسکول میں پڑھتے تھے تو اس زمانے میں ہمارا بھی یہی شوق تھا۔ میرا احساس ہے کہ بھربا بوٹی کی سب سے دلچسپ حرکت اس کا پیروں کو سمیٹنا اور یہ محسوس ہونے پر کہ اب خطرہ باقی نہیں رہا ،نہایت آہستگی کے ساتھ پیروں کو کھولنا ہے جو دیکھنے والوں کو مسرتوں کی دنیا میں لے جاتا ہے۔
اس خوبصورت لال رنگ کے مخملیں کیڑے نما جاندار کو جنوبی ہند میں ’’بھربا بوٹی‘‘ ، ’’بربہوٹی‘‘، ’’ بھربوٹی‘‘ کہا جاتا ہے ،اس کو تلگو میں ’’آرُدّراپُرگو‘‘اور شمالی ہند کی اردو ہندی میں’’رانی کیڑا‘‘کہا جاتا ہے ۔یہ انگریزی میں Red Velvet Miteکہلاتا ہے جب کہ سائنسی زبان میں Trombidium grandissimum کہا جاتا ہے ۔ییہ خوبصورت عنکبوتی کیڑا ہے ، جس کا سائز بڑی مشکل سے آدھا انچ ہوتا ہے۔یہ کیڑا آرتھروپوڈا کی جماعت Arachnida سے تعلق رکھتا ہے،مکڑی بھی اسی جماعت سے تعلق رکھتی ہے۔
’’بربہوٹی‘‘ کو ظاہری شکل کے اعتبار سے ’’نر‘‘ اور مادہ کی حیثیت میں پہچاننا مشکل ہے ،ان کا تولیدی طریقہ نرالا ہے ، خدا نے ہر جاندار میں خواہ وہ چھوٹا ہو یا بڑا اپنی مادہ کو رجھانے کیلئے قسم قسم کے طریقے ان کی ذات میں شامل کردیئے ہیں۔ جب کوئی ’’نر‘‘ کسی مادہ کو راغب کرنا چاہتا ہے پہلے یہ ایک خاص انداز کا دائروی رقص کرتا ہے ۔اس کے بعد’’’بربہوٹی‘‘ کا ’’نر‘‘ اپنے اسپرمس کسی ایک ٹہنی یا زمین کے ایک مخصوص حصے پر خارج کرتا ہے ۔ جہاںیہ اپنے اسپرمس کا اخراج عمل میں لاتا ہے اس مقام پر وہ خوبصورت اشیاء لگاتا چلاجاتا ہے علاوہ اس کے ایک ریشمی راستہ بھی تیار کرتا ہے تاکہ اس راستے سے چل اس کی مادہ اس جگہ تک آجائے جہاں انڈے رکھے ہیں شایداسی لئے’’بربہوٹی‘‘ کا ’’نر‘‘ اس مقام کی تزئین بڑے جتن سے کرتا ہے تاکہ مادہ کو رجھا سکے، اس کے ساتھ رقص کرسکے اور ’’نر‘‘ کے اس انداز سے متاثر ہوکر مادہ ’’نر‘‘ کے خارج کردہ اسپرمس پر بیٹھ جائے تاکہ تولید کا مرحلہ آگے بڑھ سکے ۔ کبھی کبھی ان کیڑوں میں جذبہ رقابت بھی آجاتا ہے اگر کوئی دوسرا ’’نر‘‘ اس ماحول میں کسی مادہ کو دیکھ لے اور اصل ’’نر‘‘ کو غیر موجود پائے تو یہ پہلے والے ’’نر‘‘ کے اسپرمس کو ضائع کردیتا ہے اور اپنے اسپرمس کو خارج کرتا ہے تاکہ مادہ اس کے اسپرمس پر بیٹھ جائے۔
’’بربہوٹی‘‘ صرف کچھ دنوں کے لئے زندہ رہتی ہے ، یہ جاندارسال بھر دکھائی نہیں دیتے بلکہ یہ ہر برس مانسون کی ابتدا میں زمین میں موجود ان انڈوں سے برآمد ہوتے ہیں،اس کے انڈے گیلی زمین میں عرصہ قبل ہی محفوظ ہوجاتے ہیں۔لاروا کی حالت میں بھربا بوٹی طفیلی جاندار ہے جو مکڑیوں یا پتنگوں پر اپنی زندگی گذارتے ہیں۔ عام طور سے انڈوں سے بچے نکلنے کی مدت دو تا تین ماہ ہوتی ہے۔’’بھر بہوٹی‘‘شمالی ہند میں کثرت سے دکھائی دیتا ہے ،اکثر اوقات یہ کیچوؤں کیساتھ زمین کے اندر دبی حالت میں پایا جاتا ہے،اسی لئے یہ صرف کچھ ہفتوں کے لئے دکھائی دیتا ہے۔جب بارش ہوتی ہے تو یہ باہر نکل آتا ہے اسی لئے بعض علاقوں میں اس کو ’’برساتی کیڑا ‘‘ "Rain’s Insect.”بھی کہا جاتا ہے۔انہیں 8 پیر پائے جاتے ہیں لیکن انڈے سے نکلنے کے فوری بعد ان میں صرف چھ پیر ہی دکھائی دیتے ہیں۔
بربہوٹی یا بھربابوٹی ایک خوبصورت عنکبوتی کیڑا ہے جو انسانوں کے لئے بھی فائدہ مند ہے یہ چھوٹے چھوٹے کیڑوں ،Beetle کے انڈوں اور جراثیم کو کھا جاتا ہے، کبھی کبھی یہ جاندار اپنی ہی نسل کے دوسرے کیڑوں کو بھی کھا جاتا ہے،’’بربہوٹی‘‘ کا ایک اہم کام فصلوں کی حفاظت کرنا اور زمین کی زرخیزی میں اضافہ کرتا ہے، یہ کیڑے ماحول کو متوازن بنانے میں بھی اہم رول ادا کرتا ہے،اس کی غذا میں کئی حشرات اور مکڑی وغیرہ شامل ہے،یہ کیڑا سخت ماحول میں بھی زندہ رہ سکتا ہے آلودہ ماحول بھی اس پر اثر انداز نہیں ہوتا کیونکہ ان کے جسم میں Antifungal دافع فنجی سیال خارج ہوتا ہے اور ان کے خون Hemolymphمیں شامل ہوکر بیکٹیریا اورفنگس کے حملوں سے بچاتا ہے۔صدیوں سے ہندوستانی ادویہ میں اس کیڑے کی بڑی اہمیت ہے، اس سے لال رنگ کا تیل نکالا جاتا ہے جس میں کئی بیماریوں کا علاج موجود ہے ، بالخصوصاس کا تیل فالج کے لئے مفید ہے اس کے علاوہ یہ جنسی خواہشات کو جگانے کے لئے یعنی Aphrodisiac(منشطات جنسیہ طبیعیہ) کے لئے کافی فائدہ مند ہے۔اسی لئے اس کو Indian Viagra بھی کہا جاتا ہے۔ جدید طب بھی اسMite یعنی بھربہوٹی پر تحقیق کر رہی ہے۔
Photo Dr Azeez Ahmed Ursi, Warangal

Share
Share
Share